بھکاریوں نے زمین کےبعد اب فضا میں بھی بھیک مانگنا شروع کر دی۔فضائی سفر کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں ایک بھکاری ہوائی جہازکی پرواز میں بھیک مانگ رہا ہے۔ دیگر مسافر بھکاری کو پیسے دے رہے ہیں جب کہ ایئرہوسٹس اور پائلٹ بھکاری کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔دوسری جانب سول ایوی ایشن حکام نے واقعہ پاکستان میں پیش آنے کی تردید کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں ایک بھاری کو جہاز میں بھیک مانگتے ہوئے دیکھا جا سکتاہے۔اس ویڈیو سے متعلق کہا جارہا تھا کہ یہ کسی پاکستانی ائیرلائن کی ہے اور یہ واقعہ کراچی ائیرپورٹ پر پیش آیا۔سوشل میڈیا صارفین نے روایتی طور پر تصدیق اور تحقیق کیے بغیر ویڈیو شیئر کی جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا رد عمل سامنے آیا ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن نے وضاحت جاری کرتے ہوئے ہے کہ جہازمیں بھیک مانگنے کا واقعہ پاکستان کے کسی بھی ایئر پورٹ پر پیش نہیں آیا، چند روز قبل دوحہ ایئر پورٹ پر قطر ایئر ویز کی ایک پرواز پر یہ واقعہ رونما ہوا تھا جو دوہا سے ایرانی شہر شیراز جارہی تھی۔ ترجمان سول ایوی ایشن نے کہا کہ پرواز اور واقعے کا تعلق پاکستان سے جوڑا جارہا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔