پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے این اے 53 سے جمع کرائے جانے والے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔جبکہ این اے 133 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے این اے 53 سے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کی سماعت ہوئی۔
جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار عبدالوہاب نے عمران خان کے خلاف اعتراضات ریٹرننگ افسر کو جمع کرائے تھے، جس پر دونوں فریقین کے وکلاء کی جانب سے دلائل مکمل کیے گئے۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابراعوان نے آرٹیکل 62 قانون شہادت آرڈیننس پڑھ کرسنایا اورکہا کہ عمران خان کے خلاف اعتراضات غیرتصدیق شدہ ہیں جوجعل سازی اورفراڈ پرمبنی ہیں۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ آج کل مشہورشخصیات کا فیک ٹویٹراکاؤنٹ بنا کر ٹوئٹ کئے جاتے ہیں، پاکستان میں ہرجگہ پیسہ بولتا ہے، پاکستان میں سائبرکرائم قانون موجود ہے، جوفوٹو کاپیاں لگائی گئی سائبرکرائم کے زمرے میں آتی ہیں، اب خواہشوں کو خبر بنانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، ہم نے تحریری جواب میں اعتراضات کو 7 بار مسترد کیا جب کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو صادق اورامین قراردیا ہے۔
فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد آر او نے اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ اب سنا دیا گیا ہے جس کے مطابق اسلام آباد کے حلقے این اے 35 سےعمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب لاہور کے حلقے این اے 133 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔