بھارتی جیل سے رہائی پانے والے 6 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

لاہور: بھارت کی قید سے رہائی پانے والے ایک خاتون سمیت 6 پاکستانی شہری وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

بھارت میں سزا مکمل کرکے رہا ہونے والے6 پاکستانی شہریوں کو واہگہ بارڈرپرپاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا ۔ رہا ہوکر آنے والوں میں اللہ دتہ، نسرین اختر، ہارون علی، محمد ندیم، اختراسلام اور محمد یاسین شامل ہیں۔

بھارت سے رہائی پانے والی لاہورکی رہائشی نسرین اختر 2006 میں عرس میں شرکت کے لئے بھارت گئی تھیں تاہم اٹاری اسٹیشن پرانہیں منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، نسرین اخترکی والدہ نے پاکستانی اوربھارتی حکومت سے اپنی بیٹی کی رہائی کی اپیل کی تھی، نسرین اختر پرعائد کیا گیا جرمانہ پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے ادا کیا گیا ہے۔

نسرین اخترکا کہنا ہے کہ وہ اپنی رہائی پراللہ تعالی کی شکرگزارہیں، انہوں نے دونوں ملکوں کے حکام سے اپیل کی ہے کہ ایک دوسرے کی جیلوں میں قید سزائیں مکمل کرنے والے قیدیوں کو رہائی ملنا چاہیئے۔

رہائی پانے والوں میں ایک نوجوان ہارون علی بھی ہے جس کا ذہنی توازن درست نہیں، ہارون علی کو دوسال پہلے غلطی سے سرحد پار کرنے کے الزام میں گرفتارکیا گیا تھا اوراسے امرتسرسنٹرل جیل میں رکھا گیا تھا۔

نئی دلی میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق اب بھی چاربچوں سمیت 52 پاکستانی شہری بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔