الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگراں وزیراعظم ناصر الملک کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جس کے مطابق نگراں وزیراعظم کی سنگارپور اور برطانیہ میں جائیدادیں اور اسلام آباد میں 3 پلاٹ ہیں، نگراں وزیراعظم کا ڈپلومیٹ انکلیو میں اپارٹمنٹ بھی ہے جب کہ لندن اور سنگاپور میں جائیداد بیوی کے نام پر ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم 3 لاکھ 80 ہزار ڈالر کے مقروض ہیں، اس کے علاوہ نگراں وزیراعظم کی سنگاپور میں 7 لاکھ ڈالر اور برطانیہ میں 2 لاکھ 72 ہزار پاوٴنڈ کی پراپرٹی ہے جب کہ نگراں وزیراعظم ناصرالملک کا 10 کروڑ روپے کا بینک بیلنس بھی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نگراں وزیراعظم کی سوات میں 45 دکانیں جب کہ فلور مل اور سی این جی اسٹیشن میں شیئرز بھی ہیں۔