اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اورنگراں وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق نگران وزیراعظم ناصرالملک کے نام پر ملک میں 14 جائیدایں ہیں، ان کی سوات میں 8 مختلف اراضی گفٹ ظاہرکی گئیں جبکہ پشاورمیں اراضی بھی والد کی طرف سے گفٹ ظاہرکی گئی ہے۔
نگران وزیراعظم کی اہلیہ کےنام سنگاپوراورلندن میں جائیدادیں ہیں، ان کی اہلیہ کی لندن میں جائیداد کی مالیت 272،850 پاؤنڈ ہے جبکہ ناصرالملک کےا ثاثوں میں31 لاکھ روپے کے زیورات اور 65 لاکھ روپے مالیت کا فرنیچربھی شامل ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم کی 4 مختلف بینکوں میں 10 کروڑ25 لاکھ سے زائد رقم موجود ہے، جسٹس (ر) ناصرالملک کی پراپرٹی پر380،363 ڈالر کا مورگیج موجود ہے، ان کی ہونڈا سوک 2012 ماڈل کارکی مالیت 10 لاکھ روپے ہے جبکہ ٹویوٹا 2012 ماڈل کی مالیت 48 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں میں 70 لاکھ مالیت کا گھرشامل ہے، اس کے علاوہ حسن عسکری کے پاس 9 لاکھ 30 ہزار روپے کیش اورپرائزبانڈز ہیں۔
الیکشن کمیشن کےمطابق حسن عسکری کے پاس ایک کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے اوروہ 2 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔
ذرائع کے مطابق نگراں حکومت کے دیگر وزرائے اعلیٰ اور وزرا نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل نہیں کیا ۔ نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک ، بیگم شمشاد اختر، اعظم خان، دوست محمد اور حسن عسکری کے علاوہ کسی نے اثاثوں کی تفصیلات نہیں دیں۔