ٹی وی ٹاک شو کے دوران فواد چوہدری اور طلال چوہدری کا ٹاکرا

 

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور مسلم لیگ نواز کے رہنما طلال چوہدری نجی ٹی وی کے ٹاک شو کے دوران لڑ پڑے،دونوں رہنما ایک دوسرے کے خلاف الزامات لگانے کے ساتھ ساتھ نازیبا الفاظ استعمال کرتے رہےاور غیرا خلاقی گفتگو کرتے رہے،اس دوران ٹاک شو کے میزبان حامد میر مسلسل دونوں رہنماؤں کو روکتے رہے تاہم وہ نہیں رکے اور بار بارآپس میں الجھتے رہے۔

اسی پروگرام میں شریک پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے رہنماؤں کی طرف سے نازیبا الفاظ کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں اپنے سیاسی قائدین کی وجہ سے یہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو ایک دوسرے کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ یہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا تلخ واقعہ نہیں۔اس سے قبل نجی ٹی وی کے پروگرام میں پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے ن لیگ کے دانیال عزیز کو تھپڑ دے مارا تھا۔