کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے دشت میں سی ٹی ڈی کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہوا جس میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 پولیس اہلکار زخمی جبکہ خاتون سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق دشت کے علاقے تیرا میل میں سی ٹی ڈی نے اطلاع ملنے پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی۔
سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں اے ایس آئی جاوید،حوالدار نثار،نعیم اور کانسٹیبل آزاد خان شامل ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی کے آپریشن میں ایک دہشت گرد نے پولیس کی بکتر بند گاڑی کےقریب آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ ایک دہشت گرد جوابی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کرنے والا دہشت گرد بھی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔ مارے گئے دہشت گردوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کےدستی بم حملے میں 5 سالہ بچہ بھی جاں بحق ہوگیا۔