اسلام آباد ہائیکورٹ نے گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس وصول کرنے سے روکنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11 جولائی تک ملتوی کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے نجی اسکولز کے خلاف گرمی کی چھٹیوں میں فیس وصولی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ تعلیم کی سوداگری ظلم و استحصال ہے جو کل ہنڈا پر تھے آج لینڈ کروزرز پر پھرتے ہیں ، عدالت نے گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس وصول نہ کرنے کا حکم برقرار رکھتے ہو ئے ریمارکس دئیےکہ پرائیویٹ اسکولز کا فیس وصول کرنا توہین عدالت ہے۔
عدالتی ریمارکس میں مزید کہا گیا ہے کہ جن اسکولوں نے حکم عدولی کی انہیں توہین عدالت کے نوٹسز بھیجے جائیںگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ٹیچرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی درخواست بھی دی ہے اس صورت ھال کو بھی دیکھیں گے ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ 18 مئی کو گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کو موسم گرما کی تعطیلات کی فیس وصولی سے روک دیا تھا۔