کراچی: سپریم کورٹ نے آئل ٹرمینل کو 15 روز میں شیریں جناح کالونی سے ذوالفقار آباد منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں آئل ٹینکرز کی ذوالفقار آباد ٹرمینل منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران میئر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کا ایک سال قبل افتتاح ہوچکا، آئل ٹینکر مالکان جانے کے لئے تیار نہیں ہیں۔
جس پر صدر ٹینکرز ایسوسی ایشن یوسف شہوانی نے کہا کہ ہم جانے کے لئے تیار ہیں، میئر جھوٹ بول رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے یوسف شہوانی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا میئر ہے، عزت سے بات کریں۔ یوسف شہوانی نے عدالت کو بتایا کہ 200 ایکڑ میں سے ہمیں صرف 130 ایکڑ اراضی دی گئی، اس پر چیف جسٹس نے وسیم اختر سے پوچھا کہ کام مکمل کیوں نہیں ہوا؟
میئر کراچی نے بتایا کہ کام مکمل ہوچکا ہے، چاہیں تو ناظر سے معائنہ کرالیں۔
چیف جسٹس نے 15 دن میں آئل ٹرمینل شیریں جناح کالونی سے ذولفقار آباد منتقل کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ آئل ٹینکر والوں نے ہڑتال کی تو سب کو اندر کردیں گے۔
عدالت نے میئر کراچی اور ضیاء اعوان کو ذوالفقار آباد ٹرمینل کا معائنہ کرکے شام تک صورتحال سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔
Tags آئل ٹرمینل منتقلی