اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جس کے مطابق آصف زرداری کے اثاثوں میں کروڑوں روپے مالیت کی پراپرٹی، بلٹ پروف گاڑیاں، اسلحہ اور گھوڑے شامل ہیں،کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کے مطابق آصف زرداری نواب شاہ، ٹنڈو الہیار اور لاڑکانہ میں زرعی زمین کے مالک ہیں جب کہ نواب شاہ، بدین، ماتلی، ٹنڈوالہیار میں 7 ہزار 4 سو ایکڑ زرعی اراضی لیز پر بھی حاصل کی ہے۔
کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کے مطابق وہ پاکستان میں ایک درجن سے زائد پراپرٹیز کے مالک ہیں جبکہ 6 بلٹ پروف لگژری گاڑیوں اور ہزاروں ایکڑ اراضی کے مالک ہیں اس کے علاوہ بینظیر بھٹو کی 5 پراپرٹیز میں بھی حصہ دار ہیں۔
آصف زرداری کے پاس 3 لینڈ کروزر، 2 بی ایم ڈبلیو اور ایک لیکسز ہے، یہ سب گاڑیاں بلٹ پروف ہیں۔ سابق صدر کی دبئی کے شہر الصفا میں ایک پراپرٹی سمیت کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں ایک پلاٹ بھی ان کی ملکیت میں ہے۔
گھوڑوں اور مویشیوں کی مالیت 9کروڑ ہے جبکہ ایک کروڑ 29لاکھ روپے مالیت کا اسلحہ ہے۔ سابق صدر نے زرداری گروپ (پرائیویٹ ) لمیٹڈ اور پارک لین ای اسٹیٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں 10 لاکھ 7 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ زرداری گروپ کو 45لاکھ روپے ادھار بھی دیے ہیں۔
آصف زرداری نے لینڈ مارکس میں ایک کروڑ 29 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری بھی کی ہے جبکہ 8لاکھ 90ہزار روپے کی سرمایہ کاری اپارٹمنٹ میں ہے۔ آصف زرداری کے پاس 20 کروڑ 90لاکھ روپے نقد موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کلفٹن میں 2 پراپرٹیز ہیں جبکہ کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں بنگلہ اور نواب شاہ میں ایک گھر ہے۔