اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اثاثوں اورٹیکس ریٹرن کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
اثاثوں کی دستاویزات کے مطابق عمران خان نے گزشتہ سال47 لاکھ 76 ہزار611 روپے آمدن ظاہرکی ، عمران خان نے ذرائع آمدن میں زراعت، تنخواہ، پینشن اور بنک منافع ظاہرکیا ہے جبکہ وہ 168 ایکڑ زرعی زمین کے بھی مالک ہیں ۔ اس کے علاوہ انھوں نے گزشتہ سال اپنی آمدن پر 1لاکھ 3 ہزار763 روپے ٹیکس ادا کیا ۔
عمران خان نے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات بھی کاغذات نامزدگی میں ظاہر کی ہیں، عمران خان نے 2015 سے 2018 کے دوران 28 غیر ملکی دورے کئے جن میں سے زیادہ تر دورے اسپانسرڈ ہیں ۔
اس کے علاوہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اہلیہ بشریٰ بی بی اوردونوں بیٹوں کو زیرکفالت ظاہرکیا ہے جبکہ اہلیہ اوربچوں کے نام پر کوئی اثاثہ نہیں۔
کاغذات نامزدگی میں ظاہر کئے گئے اثاثوں کے مطابق عمران خان کو گزشتہ سال زرعی زمین پر23 لاکھ 60 ہزار آمدن ہوئی اورانہوں نے 18 لاکھ 991 روپے تنخواہ بھی وصول کی
عمران خان کے پاس کوئی ذاتی گاڑی اور زیورات نہیں جبکہ ان کے زیراستعمال فرنیچرسمیت دیگراشیا کی مالیت 5 لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ عمران خان کے اسلام آباد میں 2 فارن کرنسی اکاؤنٹ ہیں جس میں سے ایک اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 78 ہزار 760 ڈالر اور دوسرے میں 1470 ڈالر ہیں۔