اسلام آباد:چیئر مین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر خوشحال پاکستان اسکیم انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں سابق سیکریٹری ویلفیئر بورڈ اور دیگر کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی ۔
اس کے علاوہ چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی کے خلاف بھی عدم ثبوت کی بنیاد پر تحقیقات بند کرنے کی منظوری دی گئی ۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتا یا گیا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور لیگی رہنما امیر مقام کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔
ملزموں پر میڈیکل کالج روات کے لیے 300کنال زمین مہنگے داموں خریدنے اور غیر قانونی تقرریوں سے خزانے کو 66کروڑ کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔چیئر مین سی ڈی اے اور دیگر کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دے دی گئی ۔
اس موقع پر چیئر مین نیب نے کہا کہ تمام اشتہاری اور مفرور ملزموں کو فوری گرفتار کیا جائے ،ملزمان کی گرفتاری میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔