دبئی پولیس نے مصنوعی ٹانگ میں تقریباً 33 لاکھ روپے چھپا کر بھیک مانگنے والے پیشہ ور گداگر کو گرفتارکرلیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دبئی پولیس نے عید الفطر کے پہلے روز نمازظہر کے بعد پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ۔ اس دوران مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 243 گداگروں کو گرفتارکیا گیا ۔ ان میں 136 مرد اور107 خواتین شامل ہیں۔
حیرت انگیزطور پرگرفتارگداگروں میں سے ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے ایک گداگر کے پاس سے ایک لاکھ درہم تقریباً 33 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد رقم برآمد ہوئی ۔
پولیس نے جب اسے حراست میں لیا اوراس کی تلاشی لی تو مصنوعی ٹانگ سے 45 ہزاردرہم اوراس کی جھولی اورلباس کے دیگر خانوں سے 55 ہزاردرہم برآمد ہوئے۔
اس گداگرکی عمر60 سے 70 برس کے درمیان ہے جسے القوز کے علاقے سے حراست میں لیا گیا۔ یہ گداگر معذوری کا ناٹک کررہا تھا۔
یہ شخص ایک ماہ قبل ہی وزٹ ویزا پردبئی آیا تھا اورلوگوں سے پیسے مانگ کراس نے مختصر عرصے میں ایک لاکھ درہم جمع کرلئے تھے۔
پولیس نے مذکورہ شخص کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے اور ساتھ ہی اس کمپنی کو بھی مطلع کردیا گیا ہے جس نے اسے ویزا دیا تھا۔
دبئی پولیس کے محکمہ فوجداری تحقیقات کے اسسٹنٹ کمانڈرانچیف میجر جنرل خلیل ابراہیم المنصوری کا کہنا ہے کہ گرفتار پیشہ ورگداگروں میں سے 195 وزٹ ویزا پردبئی آئے تھے اوریہاں بھیک مانگنا شروع کردی۔ان میں سے بعض نے خود کو کاروباری شخصیت ظاہر کر کے ویزا حاصل کیا اور48 افراد کے پاس قانونی رہائشی ویزا بھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ افراد لوگوں سے پیسے بٹورنے اوران کی ہمدردی حاصل کرنے کے لئے مختلف طریقے استمعال کرتے ہیں اوران میں سے بعض افراد ان پیسوں سے مجرمانہ سرگرمیوں کیلئے فنڈنگ بھی کرتے ہیں۔