بھارت میں بچےکا نام منتخب کرنے کے لئے الیکشن کا انعقاد

 

نئی دلی :سیاستدان منتخب کرنے کیلئے انتخابات تو دنیا بھر میں منعقد کیے جاتے ہیں لیکن ایک بھارتی جوڑے نے انوکھے الیکشن منعقد کروا کر سب کو حیران کردیا ہے۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے رہائشی میتھون اور مانسی کے گھر پہلا بچہ پیدا ہوا، جس کے بعد گھر والوں کیلئے اس کا نام رکھنا ایک امتحان بن گیا۔جوڑے نے بچے کا نام رکھنے کیلئے جمہوریت کا سہارا لیتے ہوئے الیکشن منعقد کروادیئے ،جس میں باقاعدہ طور پر بیلٹ باکس اور عملے کا بندوبست کیا گیا۔دلچسپ الیکشن میں اس جوڑے کے کئی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی اور ووٹ کاسٹ کرکے بچے کا نام تجویز کیا۔

بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے بچے کی کْنڈلی نکلوائی تویہ بات سامنے آئی کہ یہ بڑا ہوکر سیاستدان بنے گا، جس کے بعد اسکا نام منتخب کرنے کیلئے بھی الیکشن کا سہارا لیاگیا۔انتخابات کے نتائج کے مطابق سب سے زیادہ لوگوں نے’یووان‘نام پر ووٹ دیا، جس کے بعد اسکا یہی نام رکھ دیا گیا۔