عمران کے نامزدگی فارم مسترد ہونے کیخلاف سماعت کل پھر ہوگی

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے عام انتخابات کے لئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک لئے ملتوی کردی۔
ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے عمران خان کی اپیل پر سماعت کی۔ اس موقع پر عمران خان کی جانب سے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔
بابر اعوان نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا عمران خان نے این اے 53 سے انتخابات لڑنے کے لئے کاغذات جمع کرائے، 19 جون کو ان کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی اور کمزور بنیاد پر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ ریٹرننگ افسر نے عمران خان کو کیوں نااہل قرار دیا۔
جس پر بابر اعوان نے جواب دیا کہ کاغذات نامزدگی میں درخواست گزار نے حقائق چھپائے نا غلط بیانی کی، عمران خان کے خلاف ریٹرننگ افسر کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر کاغذات نامزدگی منظور کئے جائیں۔
سماعت کے بعد جسٹس محسن اختر کیانی نے عمران خان کی اپیل پر ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا اور سماعت کل تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔