لاہور: عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ختم ہونے کے بعد امیدواروں کی نامزدگی فارم مسترد ہونے کے خلاف ایپلٹ ٹریبونلز میں اپیلوں کی سماعت کا مرحلہ جاری ہے۔ ٹربیونلز کی جانب سے تحریک انصاف کی 5 اقلیتی امیدواروں کی اپیلیں خارج کردیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس فیصل زمان خان نے تحریک انصاف کے اقلیتی امیدواروں کی اپیلوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرننگ افسران کے فیصلے برقرار رکھے ہیں۔
لاہور کے ایپلٹ ٹربیونل نے پی ٹی آئی اقلیتی امیدواروں کی تمام اپیلیں خارج کردیں، پی ٹی آئی کی جانب سے مہندر سنگھ پال، یوڈسٹر چوہان، ہارون گل، اعجاز مسیح اور پیٹر گل نے ایپلٹ ٹربیونل میں اپیل دائر کی تھی۔
اپیل کنندہ کا اپنی درخواستوں میں کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اقلیتی امیدواران کی لسٹ مقررہ وقت کے بعد الیکشن کمیشن میں جمع کرائی اور امیدواروں کی لسٹ نہ ہونے کے باعث کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔ لسٹ اب الیکشن کمیشن میں جمع ہوگئی ہے اس لئے عدالت الیکشن میں حصہ لینے کا اہل قرار دیتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
Tags پی ٹی آئی، اقلیتی امیدوار