سیاسی مچھروں کے حملوں کو پسپاکردیں گے۔بلاول بھٹو

لاڑکانہ :ـ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہاکہ فتح اہم ہوتی ہے مگر اصول اس سے بھی زیادہ اہم ہوتے ہیں، ہم نفرت کی نہیں اصولوں اور عوام کی سیاست کرتے ہیں۔
لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹو کی 65 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بے نظیر کی شہادت بھی بے نظیر تھی۔ان کا کہنا تھا کہ تاریخ کا جبر ہے کہ آج بھی ہمارا مقابلہ ضیاءالحق اور مشرف کی باقیات سے ہے، ایک نے اداروں سے جنگ شروع کی تو دوسرے نے گالیاں دینا شروع کر دیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سندھ میں بننے والے سیاسی اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ سیاسی مچھروں کی لائنیں لگ گئی ہیں لیکن ان سیاسی مچھروں کے حملوں کو پسپا کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی مچھر پہلے بھی آتے رہے اور شکست کھاتے رہے، سندھ کے عوام انہیں جانتے ہیں۔