اسلام آباد:سینیٹ کی کمیٹی برائے داخلہ نے چولستان میں 3 بچیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس کلیم امام کو طلب کرلیا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد میں سینیٹ کی کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب پولیس کی طرف سے ایس ایس پی راولپنڈی پیش ہوئے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی نے کہا کہ 13 جون کو بچیاں گم ہو گئی تھیں اور 14 کو پولیس کو اطلاع دی گئی۔رحمان ملک نے اعتراض کیا کہ آپ چولستان کی بریفنگ کیسے دے سکتے ہیں، آئی جی پنجاب کلیم امام اور متعلقہ ڈی پی او اگلے اجلاس میں رپورٹ سمیت پیش ہوں اور کمیٹی کو بریفنگ دیں۔ چیرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ واقعے کی تفصیلات جاننے کے لیے اجلاس میں بچیوں کے والدین کو بھی بلا لیا ہے، کیا والدین نے پولیس کو بچیوں کی گمشدگی کی اطلاع دی تھی۔12 جون 2018ءکو جنوبی پنجاب کے صحرائے چولستان میں 3 کمسن بچیاں شدید گرمی اور ریت کے طوفان میں تین دن تک بھوک اور پیاس کی حالت میں بھٹکنے کے بعد زندگی کی بازی ہارگئیں تھیں۔