نیب کا علیم خان کی ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈیزائن کی منظوری کا نوٹس

 

اسلام آباد: چیئرمین نیب نےپی ٹی آئی رہنماعلیم خان کی اسلام آباد میں ہاوسنگ سوسائٹی کا منسوخ شدہ ڈیزائن منظور کرنے کا نوٹس لے لیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین نیب نے علیم خان کی ہاوسنگ سوسائٹی کے منسوخ شدہ ڈیزائن کی منظوری کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے بورڈ نے قواعد و ضوابط کے برعکس علیم خان کی ہاوسنگ سوسائٹی کے منسوخ شدہ ڈیزائن کی منظوری کیسے دی؟ ڈی جی نیب راولپنڈی معاملے کی انکوائری کریں۔

دوسری جانب شرجیل میمن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی شکایت پر بھی چیئرمین نے ڈی جی نیب کراچی کو جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔سابق وفاقی وزیر انوشہ رحمان بھی نیب راولپنڈی کے دفتر میں پیش ہوئیں۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے انوشہ رحمان کو سوالنامہ دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ 14 روز میں تحریری جواب جمع کرایا جائے۔ سابق وفاقی وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے تھری اور فور جی لائسنس کی فروخت کے غیرقانونی ٹھیکے دیے۔