سابق صدر پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پرویز مشرف نے اے پی ایم ایل کی سربراہی سے دیا گیا اپنا استعفیٰ الیکشن کمیشن کوبھجوادیا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے پرویزمشرف کانام پارٹی صدارت سے ہٹانے کی ہدایت کردی ہے۔
پارٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر امجد نے پرویز مشرف کے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت سے نااہلی ختم نہیں ہوئی تھی اور وہ بیرون ملک سے پارٹی کو فعال انداز میں چلا نہیں پارہے تھے، پرویز مشرف نے انہیں پارٹی چئیر مین نامزد کیا ہے اور پارٹی کے تمام امور کی ذمہ داری میرے سپرد کردی ہے تاہم سابق صدر پارٹی کے بدستور سرپرست اعلیٰ رہیں گے، ان کا بطور چیئرمین آل پاکستان مسلم لیگ استعفیٰ الیکشن کمیشن کو بھی بھجوایا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ پرویز مشرف کو تاحیات نا اہل قرار دے چکی ہے ، اے پی ایم ایل 2010 میں بنی تھی لیکن نااہلی کے باعث مشرف کی سربراہی پارٹی رجسٹریشن کی راہ میں رکاوٹ تھی ۔اے پی ایم ایل کی رجسٹریشن کا کیس الیکشن کمیشن میں چل رہا تھا اور پارٹی رجسٹرڈ نہ ہونے پر مشرف نے استعفیٰ بھجوادیا۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ اگر پارٹی رجسٹرڈ کرانی ہے تو نئے انٹرا پارٹی انتخابات کراکے نیا سربراہ منتخب کرکے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا جائے۔