سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 53 اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نےاین اے95 میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 اسلام آباد کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جس پر ریٹرننگ افسر نے اعتراض لگاتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔
سابق وزیراعظم نے اپنے وکیل طاہر محمود عباسی ایڈووکیٹ کے توسط سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے فیصلے کے خلاف ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کردی۔درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقہ این اے 53 اسلام آباد سے الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کردی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عام انتخابات کے لیے اسلام آباد کے این اے 53، میانوالی کے این اے 95 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، ریٹرننگ افسران نے دونوں حلقوں سے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جس پر عمران خان نے این اے 53 سے اپیل دائر کی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نےاین اے 95 میانوالی سے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کردی۔
عمران خان کی اپیل میں کہا گیا ہےکہ بروقت بیان حلفی جمع نہ کرنےکےالزام پرکاغذات مسترد کیے، ریٹرننگ افسر نے حقائق کےبرعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے ہیں لہٰذا عدالت آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے۔