الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 کیلئے پاک فوج کی تربیت کا شیڈول تیار کرلیا ہے جس کے مطابق الیکشن کمیشن کے 28 لیڈ ٹرینرز پاک فوج کے 1400 ٹرینرز کو تربیت دیں گے۔
ذرائع کے مطابق تربیت کا دروانیہ 26 جون سے یکم جولائی تک ہوگا اور اس دوران پاک فوج کے ٹرینرز کو 14 مختلف مقامات پر انتخابی امور پر تربیت دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے پاک فوج کے ٹرینرز کی تربیت کے لئے جن مقامات کو منتخب کیا ہے ان میں کراچی، لاہور، ملتان، بہاولپور، راولپنڈی، سرگودھا، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، منگلا، پنوں عاقل، کوئٹہ، خضدار، پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پریذائیڈنگ افسران کو دی جانے والی تربیت پاک فوج کے 1400 ٹرینرز کو دی جائے گی اور پھر پاک فوج کے تربیت یافتہ ٹرینرز دیگر 2 لاکھ سے زائد فوجی جوانوں کو ٹریننگ دیں گے۔