اسلام آباد: نگران وفاقی حکومت نے چیئرمین بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مختلف حلقوں کی جانب سے چیئرمین بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن پر اعتراض اٹھایا جارہا تھا کہ ان کی سیاسی وابستگی ہے اوروہ الیکشن پراثرانداز ہورہی ہیں اس لئے انہیں اس عہدے پرنہیں ہونا چاہیئے۔
ماروی میمن کے خلاف شکایات سامنے آنے کے بعد نگران وفاقی کابینہ نے وزیراعظم ناصرالملک کی زیرصدارت اجلاس میں ماروی میمن کو چیئرمین بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی حکومت نے اس حوالے سے سمری منظوری کے لیے صدر ممنون حسین کو بھجوا دی ہے اوراس کا امکان ہے کہ صدرمملکت کے سمری پر دستخط کے بعد ماروی میمن کو باقاعدہ طورپران کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے فروری 2015 میں ماروی میمن کو چیئرمین بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام تعینات کیا تھا۔