اسلام آباد :الیکشن کمیشن نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کے صاحبزادے اور داماد کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی منظوری دے دی۔
جماعت الدعوۃ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات احمد ندیم کے مطابق حافظ سعید کے بیٹے حافظ طلحہٰ سعید قومی اسمبلی کے حلقہ 91 سرگودھا اور داماد حافظ خالد ولید حلقہ 133 لاہور سے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔
دونوںامیدوار ملی مسلم لیگ کے ان 265 امیدواروں میں شامل ہیں جو غیر معروف اللہ اکبر تحریک کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔این اے 91 سرگودھا میں، جہاں سے لاہور کی ایک یونیورسٹی میں لیکچرار طلحہٰ سعید انتخابات لڑیں گے، ان کے والد کا آبائی گاؤں چَک 126 جنوبی بھی شامل ہے۔طلحہٰ سعید، اللہ اکبر تحریک کا انتخابی نشان کرسی استعمال کریں گے۔
قبل ازیں اللہ اکبر تحریک نے کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ایم ایم ایل‘ سمیت اس کے بینر تلے انتخابات لڑنے والے تمام امیدوار تحریک کے رکن بھی ہوں گے۔حافظ طلحہ سعید کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی، پی ٹی آئی کے عامر سلطان چیمہ و دیگر امیدوار ہوں گے۔