کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر پانی کے سنگین بحران کا خدشہ بڑھ گیا، جس کی وجہ ہےحب ڈیم جو سوکھتا چلا جا رہا ہے۔
واٹر بورڈ کے مطابق حب ڈیم میں پانی کی سطح 9 انچ رہ گئی ہے اور ڈیڈ لائن تک پہنچنے کی وجہ سے کراچی کے ضلع غربی اور وسطی کو صرف 10 روز تک پانی فراہم کیا جاسکے گا۔
فی الوقت 100 ایم ڈی جی پانی فراہم کرنے والےحب ڈیم سے 10 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
واٹر بورڈ حکام کے مطابق پانی ڈیڈ لیول پر پہنچنے کے بعد پمپس لگا کر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائےگی، لیکن پمپس کے ذریعے بھی صرف 20 روز تک پانی فراہم کیا جاسکے گا۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ بارشیں نہ ہوئیں تو جولائی کے آخری ہفتے میں پانی کی فراہمی مکمل بند ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے دو بڑے ذرائع حب ڈیم اور کینجھر جھیل ہیں، جہاں سے پانی دھابیجی، گھارو اور حب پمپنگ اسٹیشنز کے ذریعے شہر کو سپلائی کیا جاتا ہے۔