الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے دوران عمران خان، شہباز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان سمیت ملک بھر میں دس ہزار سے زائد سیاستدانوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز کو خصوصی مراسلہ جاری کیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ عام انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کیلئے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے جلد لگائے جائیں۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو بھی سیکیورٹی دی جائے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے مراسلے میں کہا کہ چاروں حکومتیں امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کریں، امیدواروں کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی رو سے عمران خان، شہباز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان سمیت ملک بھر میں دس ہزار سے زائد سیاستدانوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔