پاک فوج نے آپریشن ردالفساد کے تحت شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن کیاجس میں 6انتہائی مطلوب دہشتگردوں کوہلاک کیاگیا۔جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2جوان بھی شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آئی ڈی پیز کے بھیس میں چند دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر گاؤں اسپینا میلہ میں کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں مقامی عمائدین کے قتل میں ملوث انتہائی مطلوب دہشتگرد بھی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردون کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار رزاق خان اورحوالدار ممتاز حسین شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اور مواصلاتی آلات بھی برآمد ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد افغانستان میں اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے۔