شفاف الیکشن نگراں حکومت کی کلیدی ذمہ داری ہے۔نگراں وزیراعلیٰ پنجاب

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا ہے کہ عام انتخابات اجتماعی قومی ذمہ داری ہے، شفاف الیکشن نگراں حکومت کی کلیدی ذمہ داری ہے۔ انتخابی سامان کی ترسیل سخت حفاظتی انتظامات میں کی جائے۔
لاہور میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، سول اور عسکری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں انتخابات کی تیاریوں کے انتظامات، سیکیورٹی امور اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کو فول پروف سیکیورٹی اور نقل و حرکت کے دوران باکس سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نگراں وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عام الیکشن کے دوران مون سون اور ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔
اجلاس کے دوران ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ عام انتخابات اجتماعی قومی ذمہ داری ہے، شفاف الیکشن نگراں حکومت کی کلیدی ذمہ داری ہے۔ انتخابی سامان کی ترسیل سخت حفاظتی انتظامات میں کی جائے۔ عام انتخابات میں سب کیلئے مساوی مواقع ہوں گے، ہمارے پاس وقت کم اور چیلنج بڑا ہے لیکن عزم مضبوط ہو تو اس چیلنج سے کامیابی سے نمٹا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر محکموں کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ متعلقہ محکمے اور ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ سول اور عسکری اداروں کے درمیان موثر ہم آہنگی سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔