پاکستان کا یہ اقدام مذہبی، ثقافتی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔فائل فوٹو
پاکستان کا یہ اقدام مذہبی، ثقافتی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔فائل فوٹو

بھارتی ہائی کمشنراوراہلیہ کوگوردوارہ میں داخل ہونےسے روک دیا گیا

 لاہور: بھارتی ہائی کمشنراوران کی اہلیہ کو گوردوارہ پنجہ صاحب میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔

بھارت میں سکھ مذہب کے بانی گورونانک دیو جی پر بننے والی متنازعہ فلم اورخالصتان تحریک کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ کے سخت فیصلے کی وجہ سے سکھوں نے بھارتی ہائی کمشنراوران کی اہلیہ کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں داخل ہونے سے روک دیا۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام کو خدشہ تھا کہ مشتعل سکھ کہیں بھارتی ہائی کمشنراوران کی اہلیہ سے بدتمیزی نہ کریں ، اسی وجہ سے انہیں واپس جانے کی درخواست کی گئی۔

 

پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اورمتروکہ وقف املاک بورڈ حکام نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ماتھا ٹیکنا چاہتے تھے اوربھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔ تاہم ان کی آمد کی اطلاع ملنے پر دیگرممالک سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے احتجاج کا پروگرام بنایا۔

دنیا بھر میں سکھ اپنے مذہبی پیشوا گورو نانک دیو جی پر متنازعہ فلم بنائے جانے اور خالصتان تحریک سے وابستہ سکھوں سے سختی سے نمٹنے کے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید غم وغصے میں مبتلا ہیں۔

 

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بھی سکھ یاتریوں نے بھارتی سفارتکاروں کو مختلف گوردواروں میں داخل ہونے سے روک دیا تھا جبکہ برطانیہ سمیت متعدد ممالک میں سکھوں نے بھارتی سفارتی اہلکاروں کے گوردواروں میں داخلے پرپابندی عائد کررکھی ہے۔