لاہور: مسلم لیگ (ن) نے لاہور میں قومی اسمبلی کے 14 حلقوں کے لیے اپنے امیدواروں کو حتمی شکل دے دی ہے جن میں ایم این اے کی ایک نشست پرنیا نام شامل کیا گیا ہے جبکہ سابقہ ایم این ایز کے حلقوں میں کچھ تبدیلی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ سے حال ہی میں بغاوت کرنے والے زعیم قادری کا مقابلہ این اے 133 پراسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ہوگا جبکہ اس نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار اعجاز چوہدری ہیں۔
ذرائع کے مطابق این اے 123 سے ملک ریاض، این اے 124 سے حمزہ شہباز، این اے 125 سے ملک پرویز، این اے 126 سے مہراشتیاق اور این اے 127 سے مریم نواز امیدوار ہوں گی۔
ذرائع نےبتایا کہ این اے 128 پر روحیل اصغر، این اے 129 پر سہیل شوکت بٹ، این اے 130 پر خواجہ احمد حسان الیکشن لڑیں گے۔
اس کے علاوہ این اے 132 سے شہبازشریف میدان میں اتریں گے جبکہ این اے 134 سے رانا مبشر، این اے 135 سے سیف الملوک کھوکھر اور این اے 136 سے افضل کھوکھر الیکشن لڑیں گے۔
بلال یاسین کا کہنا ہے کہ این اے 125 پر مریم نواز کے نہ آنے پر میرا حق ہے، مریم نوازاین اے 125 میں ہوتیں تو پھر پی پی 150 میں جاتا لیکن لندن جانے سے پہلے نوازشریف اورمریم نواز سے میری بات طے ہوچکی تھی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت این اے 125 میں پرویز ملک کو ٹکٹ دینا چاہتی ہے لیکن حلقہ این اے 125 سے پرویز ملک بھی امیدوار ہیں اور وہ صوبائی حلقے پی پی 150 پر بھی بلال یاسین کے ساتھ الیکشن کے لیے تیار نہیں۔