لاہور: مسلم لیگ ن نے سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کے مقابلے میں امیدوارکھڑا نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کی حکمت علی سامنے آگئی ہے کہ چوہدری نثار مسلم لیگ ن کے حلیف ہے نہ حریف ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی صدر شہبازشریف اور سینئر رہنماؤں کی تجویز پر چوہدری نثار کے لئے پارٹی دروازے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم آپشن کھلا رکھنے کی حتمی منظوری سابق وزیراعظم میاں نوازشریف دیں گے۔
پارٹی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ چوہدری نثار کی جانب سے پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواست نہ دینے کے باعث انہیں ٹکٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے بھی مسلم لیگ کی قیادت پر براہ راست تنقید نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ قومی اور پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں سے میدان میں اتریں گے ۔