عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے آخری 10روز موٹر سائیکل پر انتخابی مہم چلانے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن میں انشاء اللہ قلم دوات اور بلا جیتے گا، حالات جیسے بھی ہوں ہمیں الیکشن کی جانب بڑھنا چاہیے، ہمارا مقابلہ ڈرگ ڈیلر کے ساتھ ہے جب کہ ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ بھی جلد آنے والا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ انتخابی مہم جاری ہے اور آخری 10 دن سائیکل پر انتخابی مہم چلاؤں گا۔
چوہدری نثار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کے خلاف پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی نے امیدوار کھڑا نہیں کیا، چوہدری نثار آزاد حیثیت سے الیکشن جیتیں گے۔
اد رہے کہ شیخ رشید قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 اور 62 راولپنڈی سے انتخاب لڑیں گے جنہیں تحریک انصاف کی بھرپور حمایت حاصل ہے ان دونوں حلقوں میں پی ٹی آئی نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا۔
این اے 60 میں شیخ رشید کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی جب کہ این اے 62 میں بیرسٹر دانیال چوہدری سے ہوگا جو سینیٹر تنویر چوہدری کے صاحبزادے ہیں۔
نئی حلقہ بندیوں سے پہلے این اے 60 کا حلقہ این اے 55 تھا جہاں گزشتہ انتخابات میں شیخ رشید نے (ن) لیگی امیدوار شکیل اعوان کو شکست دی تھی۔