اسلام آباد:اسلام آباد میں دھرنے پر بیٹھے فاٹا قبائل کے عمائدین نے پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن، نگراں وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی ہے کہ فاٹا کےعوام اپنے حقوق کے لیے اسلام آباد آئے ہیں، ہمیں مزید مایوس نہ کیا جائے، فاٹا کے عوام پُر امن طور پر اپنا مسئلہ پیش کر رہے ہیں۔
عمائدین نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کی صوبائی نشستوں پر بھی نگراں حکومت کی نگرانی میں الیکشن کرائے جائیں، جبکہ عمائدین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے مطالبے نہ مانے تو وزیر اعظم ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے۔
چیئرمین متحدہ قبائل پارٹی حبیب نور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فاٹا کے جائز مطالبات کے لیے دھرنا دے رہے ہیں، افسوس ہے کہ کسی حکومتی وفد نے رابطہ نہیں کیا،انہوںنے کہاکہ فاٹا کےعوام نے اپنا گھر باڑ چھوڑ کر 20 کروڑ عوام کے لیے قربانی دی لیکن ہمیں ہمارے حقوق نہیں دیے جارہے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ گل نے کہا کہ فاٹا کے عوام کے جائز مطالبات کو حل کیا جائے، فاٹا کےعوام نے ہمیشہ بیرونی طاقتوں کے آگے قومی پرچم بلند کیا، فاٹا کےعوام کو احساس دلایا جائے کہ وہ بھی اس ملک کا حصہ ہیں۔