کلر سیداں:مسلم لیگ ن کےرہنما اور سابق وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے کلر سیداں میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جس جماعت کی لیڈر شپ کی تقریر کا 90فیصد حصہ گالیاں دینے میں گزرے کیا وہ لوگ کو ئی کام کرسکتے ہیں،انہوں نے کہاکہ ہر وقت گالیاں دینے والے کو کوئی باشعور شخص ووٹ نہیں دے سکتا ۔
کلر سیداں میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ صرف مسلم لیگ ن ہی پاکستان کو استحکام دے سکتی ہے کیونکہ ہم نے پاکستان کے مسائل کوحل کیا ہے ،زور گار کو بہتر کرنے کی کوشش کی۔
شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ پاکستان میں کسی اور سیاسی پارٹی کے پاس نہ اہلیت ہے اور نہ افراد ی قوت ہے جو پاکستان کو استحکام دے سکے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک بڑا مقصد ہے اور وہ مقصد پاکستان کو استحکام دینے کا ہے ۔ہمارا دعویٰ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا پلیٹ فارم پاکستان کو استحکام دے گا ۔
انہوں نے کہا میں کوئی لگی لپٹی باتیں نہیں کرنا چاہتا ۔ایک دوسرے کے کام میں مداخلت نہ کریں گے تو ملک ترقی کرے گا ۔ میں دس ماہ وزیر اعظم رہا ہوں اور جواب دینے کے لئے تیار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ ن کی حکومت آئی تو کراچی میں بدامنی کا دور دورہ تھالیکن ہم کراچی میں امن لائے اور دہشتگردی کا خاتمہ کیا ۔