کراچی: مسلم لیگ (ن) نے آج کراچی سے الیکشن مہم کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔
شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کا آغاز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) سے کیا جہاں انہوں نے تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کیا۔
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2013 میں پاکستان کو دو چیلنجز کا سامنا تھا۔ سب سے بڑا چیلنج لوڈ شیڈنگ تھا لیکن ہم نے 5 سال کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی اور آج ہم لوڈشیدنگ فری ہوچکے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ جس طرح بجلی کا بحران حل کیا کراچی میں پانی کا بحران حل ہونا چاہیے، کراچی کو ٹھینکر مافیا سے نجات دلانا ہوگا، تین سال میں کراچی کے ہر گھر میں پینے کا صاف پانی ہوگا، 6 ماہ میں شہر میں کوڑے اور غلاظت کے ڈھیر ختم کرنے ہیں، کراچی کو ایشیا کا نہیں بلکہ ساری دنیا کا مثالی شہر ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھاکہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ایک بڑا مسئلہ ہے، پبلک ٹرانسپورٹ بھی مہیا کرنا اولین ذمہ داری ہے، جو لاہور میں میٹرو بس بنی پہلے کراچی میں لگنی چاہیے تھی، شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ، پانی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور انفرا اسٹرکچر کو ٹھیک کریں گے کیونکہ اچھے روڈ اور انفرا اسٹرکچر نہیں بنائیں گے تو شہر جام ہو جائے گا، یہ ویژن (ن) لیگ کا کراچی کے لئے ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کھٹائی میں پڑ گیا، کالاباغ سے قومی وحدت کو کوئی مسئلہ ہے تووقت ضائع نہیں کرنا چاہیے، ہمیں بھاشا ڈیم کو ترجیح دینا ہوگا۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف آج شام اپنے حلقے این اے 249 کا دورہ کریں گے اور بلدیہ ٹاؤن میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
Tags ن لیگ، الیکشن مہم