اسلام آباد: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے پیرس میں جاری اجلاس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ میں آنے کے معاملے پر آج نظر ثانی کئے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیرس میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کا نام باضابطہ طور پر ایف اے ٹی ایف کے گرے ممالک کی فہرست سے نکالنے یا مستقل طور پر ڈالے جانے کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لئے پیرس پہنچ چکی ہیں۔ جہاں وہ گرے لسٹ میں پاکستان کے نام کے حوالے سے اسلام آباد کا موقف اجلاس کے سامنے پیش کریں گی۔
نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے اور کالعدم تنظیموں اور دیگر گروہوں کے خلاف کئے گئے اقدامات سے آگاہ کریں گی۔
اس حوالے سے پاکستانی حکام کا موقف ہے کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے پہلے سے موجود قوانین میں بہتری لانے کے ساتھ سا تھ ان پر عملدرآمد بھی بہتر طریقے سے یقینی بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 25 اپریل کو ہونے والے ایف اے ٹی ایف اجلاس میں 27 صفحات پر مشتمل اینٹی منی لانڈرنگ اور اینٹی ٹیرر فنانسگ اقدامات پر رپورٹ پیش کی تھی تاہم 22 مئی کو بنکاک کے غیر رسمی اجلاس میں اس رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیا تھا۔
Tags ایف اے ٹی ایف،اجلاس