وزیراعظم سے پانی اور بجلی کے معاملے کو خود دیکھنے کی درخواست کروں گا۔چیف جسٹس

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ وہ نگراں وزیراعظم ناصر الملک سے درخواست کریں گے کہ پانی اور بجلی کے معاملے کو خود دیکھیں۔
جڑواں شہروں میں پانی کی قلت کے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ وفاقی حکومت ابھی تک اپنے بندے پورے نہیں کرسکی کیا وفاقی حکومت صرف 5 وزرا کے سہارے چل سکتی ہے؟، ایک دن میں سینکڑوں فائلیں آتی ہیں کیا ایک بندہ اتنی فائلوں کا جائزہ لے سکتا ہے۔
چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ پانی و بجلی کے امور پر ہنگامی صورتحال میں کام کرنا ہوگا وزیر اعظم سے درخواست کروں گا کہ پانی اور بجلی کا معاملہ خود دیکھیں اور جب تک مسئلے کا حل نہ نکلے مت اٹھیں۔
انہوں نے انتظامیہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹس آجاتی ہیں لیکن پیشرفت نہیں ہوتی بتادیں وفاقی حکومت کیا ہے، اسے بلالیتے ہیں، ہر ادارہ دوسرے پر ذمہ داری ڈال دیتا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر بتایا کہ اسلام آباد کی روزانہ کی ضرورت 120ملین گیلن ہے تاہم شہری علاقوں میں 58.71 ملین گیلن روزانہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ سی ڈی اے حکام نے کہا کہ 24 گھنٹے پانی کی فراہمی دیں تو سات روز میں پانی کے ذخائر ختم ہو جائیں۔ میونسپل کارپوریشن حکام نے بتایا کہ حکومت نے کارپوریشن کو ایک پیسہ نہیں دیا، تنخواہ کے واجبات بھی سی ڈی اے سے لیکر ادا کرتے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے خود کو ہر ادارے کا انچارج بنایا ہوا تھا، کوشش کرتا ہوں ایگزیکٹو کی حدود میں نہ جاوٴں،  ہم اپنے اختیارات کے اندر رہ کر ہدایات جاری کر سکتے ہیں، پانی کے مسئلے کا حل وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے،  وفاقی اور صوبائی حکومت بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد کے لوگ پانی کے بغیر تو نہیں رہ سکتے، شہر کی آدی آبادھی پانی سے محروم ہے، منصوبے افسر شاہی کا شکار ہو کر بند بھی ہو جاتے ہیں، رپورٹس آ جاتی ہیں مگر پیش رفت کچھ نہیں ہوتی، ہر ادارہ دوسرے پر ذمہ داری ڈال دیتا ہے، مجھے بتا دیں وفاقی حکومت کیا ہے میں اسے بلا لیتا ہوں، پانی کی قلت کا ذمہ دار کون ہے اور قلت کو دور کرنے کی پالیسی پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا، پالیسی پر عمل نہ کرنے والے ذمہ داری پہلے لوگوں پر ڈال دیں گے۔

سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ سیکرٹریز اور وفاقی وزیر کو طلب کرلیا۔