عام انتخابات ملتوی کرنے کی درخواستیں مسترد

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات ملتوی کرنے کی تینوں درخواستیں مسترد کردیں۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں عام انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی جس میں وکیل کامران مرتضیٰ نے اپنے دلائل میں کہا کہ الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتے، ملک میں الیکشن ایک ہی دن کرائے جائیں۔
کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ایک دن الیکشن کرانےکا مقصد یہ ہےکہ کوئی اثر انداز نہ ہو لیکن ضمنی انتخاب کی مثالیں موجودہیں جس کی حکومت ہو وہی ضمنی انتخاب جیتتی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اگر بغیر بحث کے آئینی ترمیم ہوگی تو ایسے ہی مسائل پیدا ہوں گے، فاٹا والوں کا ایک آئینی حق ہےکہ وہ اپنے نمائندوں کومنتخب کریں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ فاٹا میں نئی حلقہ بندیاں ہوئیں ہیں، فاٹا اور اسلام آباد کی ایک حلقہ بندی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
اس موقع پر الیکشن کمیشن کی ممبر کے پی کے مسز ارشاد قیصر نے کہا کہ فاٹا کی قومی اسمبلی کی نشستوں پر انتخاب ہونے جارہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے دلائل سننے کے بعدعام انتخابات ملتوی کرنے کی تینوں درخواستوں کو مسترد کردیا۔