چیف جسٹس نے مارگلہ ہلز کے تحفظ کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مارگلہ ہلز کے تحفظ کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی اور 15 دن میں رپورٹ طلب کرلی۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر آتشزدگی سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 3 دن تک جنگلات میں آگ لگی رہی، سی ڈی اے کے پاس آگ بجھانے کے آلات نہیں تھے؟
سی ڈی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے پاس آگ بجھانے کے آلات نہیں ہیں۔ فنڈز مختص ہونے کے بعد آلات خرید لیں گے جو جولائی کے تیسرے ہفتے میں مل جائیں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ مارگلہ ہلز کے تحفظ کے لئے کمیشن تشکیل دے دیں، جو تیز رفتاری سے کام کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرے۔
چیف جسٹس نے وفاقی محتسب کی سربراہی میں مارگلہ ہلز کے تحفظ کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے حکم دیا کہ 15 روز میں اپنی تجاویز عدالت کو پیش کرے۔ کمیٹی میں سی ڈی اے، میونسپل کارپوریشن کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔