کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے نگراں حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو احتجاجی خط بھیج دیا، جس میں لکھا گیاہےکہ سندھ میں نگراں حکومت پیپلزپارٹی کی حکومت کا تسلسل ہےکیوں کہ انتظامی عہدوں سمیت پولیس افسران کا تقرر سندھ حکومت نے کیا نگراں حکومت نے محض تقرر نامے جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق کنگری ہاؤس میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا اجلاس منعقد ہوا، جس سے پیر پگارا، ایاز لطیف پلیجو، سردار رحیم، تحریک انصاف کے غوث علی شاہ، ذوالفقار مرزا نے خطاب کیا۔پیرپگارا نے کہا کہ شفاف الیکشن کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کو کئی خط لکھے کوئی جواب نہیں ملا، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ غیر جانبدار نہیں ہیں، سندھ کا الیکشن کمیشن جانبدار ہے۔پیر پگارا نے مزید کہاکہ سندھ میں تبادلے پیپلزپارٹی کے مفاد میں کیے گئے، جو حکومت بجلی اور پانی نہیں دے سکی اسے حکمرانی کا اختیار نہیں ہے، پیپلزپارٹی حکومت نے سندھ میں کچرے کے ڈھیر بنادیے، کارکن مقابلے کی بھرپور تیاری کریں۔پیر پگارا نے کہا کہ موجودہ نگراں سیٹ اپ سے امید نہیں ہے، میں نہیں سمجھتا نگراں حکومت شفاف انتخابات کراسکے، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک جیسے موقع فراہم کیے جائیں، سندھ میں کرپٹ افسران کو دوبارہ تعینات کردیا گیا ہے۔