کراچی :سندھ میں نگران سیٹ اپ پر اظہار عدم اعتماد کرتےہوئے مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگاراصبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا کہ سندھ کا الیکشن کمیشن جانبدار ہے،سندھ میں تبادلے پیپلزپارٹی کے مفاد میں کیے گئے، جبکہ پنجاب میں ایک اور سندھ میں دوسرا قانون چل رہا ہے۔
اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہمیں سندھ میں نگراں سیٹ اپ پر تحفظات ہیں، سندھ کے لوگوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے،انہوںنے کہاکہ اینٹی کرپشن محکمے میں کرپٹ لوگ بیٹھے ہیں، شفاف انتخابات ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے ہیں۔فہمیدہ مرزا نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ شفاف لوگوں کو تعینات کرایا جائے۔
سربراہ قومی عوامی تحریک اور جی ڈی اے رہنما ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ آصف زرداری کی دی گئی لسٹ پر ٹرانسفر تسلیم نہیں ہیں، تمام حلقوں کے امیدوار آج کے اجلاس میں فائنل کررہے ہیں، سندھ میں شفاف اور صاف الیکشن چاہئیں، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کو دس دن کا ٹائم دیتے ہیں، ہمارے تحفظات دور نہ ہوئے تو سندھ میں پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔
سابق وزیر داخلہ سندھ اور جی ڈی اے رہنما ذوالفقار مرزا نے کہا کہ لوگوں پر جھوٹی ایف آئی آر کٹوائی گئی ہیں اور کسانوں کا پانی بند کیا گیا ہے۔
رہنما غوث علی شاہ نے کہا کہ دس سال سے بلدیاتی افسر مال بنانے میں مصروف ہیں، سندھ میں شفاف انتخابات کرائے جائیں، اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے ہمارے تحفظات کو دور کیا جائے۔
جی ڈی اے رہنما سردار رحیم نے کہا کہ عوام کرپٹ امیدواروں سے رعایت نہ کریں، جی ڈی اے عوام کو انصاف اور روزگار دے گی۔