احتساب عدالت سے نواز شریف اور مریم کو مزید 3 دن کا استثنیٰ مل گیا

اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور انکی صاحبزادی مریم نوازکو مزید تین دن استثنیٰ دے دیا گیا،

احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی ،

سماعت کے آغاز کے موقع پر محمد بشیر نے استفسار کیا کہ ملزمان میں سے کوئی بھی نظر نہیں آرہا،جس پر خواجہ حارث نے جواب دیا کہ نواز شریف اور مریم نواز بیرون ملک ہیں، اس حوالے سے درخواست جمع کرانی ہے۔
جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی حاضری سے مزید 7 دن کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی ساتھ ہی بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔
جس پر جج محمد بشیر نے نواز شریف اور مریم نواز کو حاضری سے 3 دن کا استثنیٰ دے دیا۔اس موقع پر پراسکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہا کہ کلثوم نواز کی بیماری کے حوالے سے ڈاکٹر بہتر بتاسکتے ہیں۔
ان کامزید کہنا تھا کہ جو میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی، اس پر کسی ڈاکٹر کے دستخط نہیں ہیں۔جس پر خواجہ حارث نے جواب دیا کہ بیگم کلثوم نواز مسلسل بیمار اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔
بعد ازاں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔