بھارتی شہری کی ضرورت مندوں کو کھانا فراہمی کے لئے انوکھی مہم

 

ممبئی:ایک بھارتی شہری نے ضرورت مندوں کو کھلانے کے لئےفلائٹس کے دوران ایئر لائنز کا بچا ہوا کھانا جمع کرنا شروع کردیا ہے-

ممبئی کے رہائشی وشاب مہتامی نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ وہ کس طرح انہوں نے فلائٹس کے دوران بچ جانے والا کھانا جمع کرتے ہیں۔مہتا نے لکھاکہ میں نے اپنی پوری زندگی میں متعدد مرتبہ جہاز میں سفر کیا ہے، لیکن چند ماہ قبل مجھے احساس ہوا کہ فلائٹس کے دوران پیش کیا جانے والا کھانا ضائع کردیا جاتا ہے یا کچرے میں پھینک دیا جاتا ہے۔وشاب مہتا کے مطابق کچھ لوگ پہلی مرتبہ جہاز میں سفر کرنے کی بنا پر اتنے شرمیلے ہوتے ہیں کہ وہ انگریزی بولنے والے جہاز کے عملے کو جواب بھی نہیں دے سکتے، کچھ لوگوں کو جہاز کا کھانا پسند نہیں آتا، لہذا وہ تھوڑا سا کھا کر باقی چھوڑ دیتے ہیں، جبکہ کچھ کو اپنی صحت کا اتنا خیال ہوتا ہے کہ وہ جہاز میں پیش کیے گئے کھانے کو ہاتھ بھی نہیں لگاتے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ایک دن مبمئی سے جے پور جاتے ہوئے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ کھانا ضائع نہیں کریں گے بلکہ وہ فلائٹ میں سے سارا کھانا جمع کرکے ضرورت مندوں کو دیں گے۔

وشاب مہتا نے لکھا، جیسے ہی عملے نے کھانا سرو کیا تو میں نے درخواست کی کہ مجھے ایک خالی بیگ دے دیا جائے تاکہ میں ذاتی طور پر بچا ہوا کھانا جمع کروں، جس پر عملے نے کہا کہ آپ اپنی نشست پر بیٹھے رہیں، جب ہم کھانے کی ٹرے واپس لینے آئیں گے تو بچا ہوا کھانا بیگ میں جمع کرلیں گے اور اس طرح فلائٹ کے اختتام پر تقریبا 70 برگر، 50 مکھن کی ٹکیاں اور 30 چاکلیٹس بیگ میں جمع ہوچکی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ جمع کیا گیا کھانا ان لوگوں میں تقسیم کیا گیا جو ایک وقت کا کھانا بھی افورڈ نہیں کرسکتے اور بھیک مانگ کر گزارا کرتے ہیں۔وشاب مہتا نے اپنی پوسٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کھانا ضائع ہونے سے بچائیں اور ضرورت مندوں میں تقسیم کریں۔