اسلام آباد: نگراں وزیرداخلہ محمد اعظم خان نے قومی احتساب بیورو ہیڈکوارٹرزکی سیکورٹی بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے حکم دیا ہے کہ نیب ہیڈکوارٹرز کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے، آئی جی اسلام آباد نے نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کی سیکیورٹی پولیس کمانڈوز کے حوالے کر دی ہے۔
پیر کے روز نیب چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے لاہور میں نیب کمپلیکس کے دورے کے دوران انکشاف کیا تھا کہ نیب ہیڈ کوارٹرز کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے اس لیے ہمیں خدا کا خوف دل میں رکھ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔
نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے سیکٹر جی فائیو ون میں شاہراہ جمہوریت پر واقع ہے جہاں پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن، نادرا اور دیگر اہم عمارات واقع ہیں۔