لاہور: ہائی کورٹ نے زینب کے قاتل عمران کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کے لئے درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوار سالحق نے زینب کے والد محمد امین کی درخواست پرسماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل اشتیاق چوہدری نے موقف اختیار کیا کہ مجرم عمران کی تمام اپیلیں مسترد ہوچکی ہیں اورانسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مجرم کو سرعام پھانسی دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مجرم عمران کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کا حکم دیا جائے۔
اس موقع پر جسٹس انوارلحق نے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ مجرم عمران کے ڈیتھ وارنٹ جاری ہوئے ہیں یا نہیں؟ عدالت نے اس بارے میں بھی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا اور درخواست پر مزید سماعت 28 جون تک ملتوی کردی۔
Tags زینب قتل کیس