نئی دلی:عظیم صوفی شاعر حضرت امیرخسروؒ کے عرس کی تقریبات شروع ہونے میں دو دن باقی ہیں لیکن اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانے کی طرف سے ابھی تک پاکستانی زائرین کو ویزے جاری نہیں کئے گئے ہیں۔
حضرت امیرخسرو ؒ کےعرس کی تقریبات کا آغاز 28 جون کو ہونا ہے جو5 جولائی تک جاری رہیں گی ، پاکستانی زائرین نے عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے رواں سال جنوری میں وزارت مذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی کے پاس درخواستیں جمع کرائی تھیں، اسکروٹنی کے بعد منتخب زائرین کوویزا کے حصول کے لئے درخواست اورپاسپورٹ جمع کرانے کا کہا گیا لیکن ابھی تک زائرین کو اس بات کا یقین نہیں کہ انہیں بھارتی سفارتخانے کی طرف سے ویزے جاری کئے جائیں گے۔
اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے ذرائع کا کہنا ہے بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے گرین سگنل ملتے ہی پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کردیئے جائیں گے۔
ادھرپاکستانی زائرین پریشان ہیں کہ ابھی تک ویزے نہیں ملے، اب صرف دو دن باقی ہیں اورانہوں نے تیاری بھی کرنا ہے ، ایسا نہ ہوکہ وہ لوگ تیاریاں کرلیں اوران کو ویزے نہ مل سکیں ۔
دوسری طرف پاکستان کی طرف سے بھارتی یاتریوں کو باقاعدگی سے ویزے جاری کئے جارہے ہیں، 21 جون کو 180 بھارتی سکھ یاتری مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی منانے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ مارچ میں اجمیرشریف میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے عرس میں شرکت کے لیے بھی 503 پاکستانی زائرین کو ویزے جاری نہیں کئے گئے تھے۔