اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے موقع پر عالمی میڈیا اورعالمی مبصرین کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیاجس کے مطابق مبصر تنظیم عام انتخابات پر تجاویز سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گی ،
اس کے علاوہ ضابطہ اخلاق میں بین الاقوامی مبصرین پر شہریوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کا خیال رکھنا لازم قرار دیا گیاہے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق بین الاقومی مبصر ذاتی رائے ذرائع ابلاغ میں نہیں دے سکے گا اور مبصر تنظیموں کا نامزد شخص جنرل الیکشن پر رائے دے سکے گا۔
ضابطہ اخلاق میں مزید کہا گیاہےکہ بین الاقومی مبصرین اور میڈیا کو حلف نامہ بھی جمع کرانا ہوگا اور ان پر پاکستان کی خودمختاری کا خیال رکھنا لازم ہوگا، جب کہ بین الاقومی میڈیا اور مبصرین سیاسی وابستگی اور امیدواروں سے غیر جانبدارانہ رویہ رکھنے کے پابند ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق 16 شقوں پر مشتمل ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں عالمی مبصر مشن کا اجازت نامہ منسوخ کیا جاسکتا ہے۔