اسلام آباد:پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نےپارٹی میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے گروپس کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف میں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کے گروپس موجود ہیں اور مجھے امید ہے کہ جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آجائے گی تو یہ گروپنگ ختم ہوجائے گی۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو ترقیاتی فنڈز نہ دینے کاعلان کرتے ہوئے کہاکہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کو ترقیاتی فنڈزدینےکا عمل کرپشن کو فروغ دیتا ہےاس لیے ہم ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کریں گے۔
قومی فضائی ایئر لائن پی آئی اے کے بارے میں بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اگر ان کی حکومت آئی تو وہ پی آئی اے کی نجکاری نہیں کریں گے۔
اس سے قبل چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیا جس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی غیر ملکی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کے فیصلے کو خیر مقدمے کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ کی پڑتال کے فیصلے میں تاخیر کی تاہم معاملہ کمیٹی کو بھجوانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
عمران خان نےمزید کہاکہ شریفوں کی جانب سے مسلم لیگ ن کے ذریعے منی لانڈرنگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے واشنگٹن میں سفارتخانے سے رقوم کی وصولی کے بارے میں اطلاعات تو پہلے ہی منظر عام پر آچکی ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے خلاف پارٹی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے معاملے کو اسکروٹنی کمیٹی کو بھجوا دیا جو تینوں جماعتوں کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کریگی۔