کراچی کو لاہور سے بہتر بنا کر دکھائیں گے،شہبازشریف

کراچی: مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی الیکشن مہم کا آغاز کراچی سے کیا ہے ، موقع ملا تو سندھ کو پنجاب سے اورکراچی کو لاہور سے بہتر بنا کر دکھائیں گے، ہماری اورمخالفین کی کارکردگی کا موازنہ کریں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا کہ رینجرز نے جانفشانی اورقربانی سےکراچی کا امن بحال کیا، آج کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری نہ ہونےکے برابر ہے، شہر کا امن لوٹ آیا ہے جو بہت بڑی کامیابی ہے، اب یہاں روزگار، پانی، ٹرانسپورٹ دینے اور کچرا صاف کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہمارے پاس حکومت نہیں تھی، ہمیں پنجاب میں لوگوں نے مینڈیٹ دیا، کیا تھر میں کوئلے سے بجلی کے کارخانے لگانا مسلم لیگ (ن) کا کام تھا ؟

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جو وعدے کئے وہ کارکردگی کی بنیاد پر کئے، انھوں نے کراچی کو پان کھانے والے ’’ کرانچی ‘‘ کہتے ہیں کہا کہ ’’ کرانچی ‘‘ کو لاہور بنائیں گے۔

ایک سوال پرشہبازشریف کا کہنا تھاکہ قرآن پاک میں جنات کا ذکرآتا ہے، خلائی مخلوق کا مجھے نہیں پتہ۔

اس سوال پر کہ پنجاب میں کون کامیاب ہوگا، عمران خان یا آپ کی جماعت؟ شہبازشریف نے جواب دیا میں کوئی پیر نہیں ہوں۔

اس سے پہلے کراچی کے ہوٹل میں بزنس پروفیشنلز اور ینگ پروفیشنلز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھاکہ گزشتہ 5 سال میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے، بھاشا ڈیم ہماری پہلی ترجیح ہوگی، یہ ڈیم پاکستان کے لیے ناگزیر ہے اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں، بھاشا ڈیم کے لیے ہم نےتمام اقدامات کرلیے ہیں اور فزیبلٹی تیارہے، اب جو بھی حکومت آئے گی اسے بھاشا ڈیم بنانا ہوگا۔

انہوں نےکہا کہ ملک بھر میں چھوٹے ڈیم بھی بنیں گے، کالا باغ ڈیم پر بحث کرنا فضول ہے، جب تک کالاباغ ڈیم پر سب متفق نہیں ہوں گے وہ نہیں بنے گا۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ کراچی میں گرین لائن کے علاوہ تین نئی سروس چلائیں گے، شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ تباہ ہوچکی یہ مسئلہ بھی حل کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ملک میں کاروبار کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن شروع کریں گے، گرین پاسپورٹ کی عزت کے لیے کشکول توڑنا ہوگا اور معیشت کو ترقی دینا ہوگی۔