نیب کی گرفتاریوں کا مقصد شہزادے کو سہولت فراہم کرنا ہے-مصدق ملک

 

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے رہنماڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ الیکشن سے قبل نیب کی جانب سے گرفتاریاں اس لئے ہور ہی ہیں کہ گلیاں سنجی ہو جائیں اور شہزادہ اکیلا گھوڑے پر بیٹھ کر آئے ۔اس طرح ہمیں شکست دے بھی دی گئی تو یہ انصاف نہیں ہوگا ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ سب پکڑ لئے جائیں اور صرف ایک شہزادہ رہ جائے تو پھر اپنا لیں اس کو لیکن عوام تو دیکھ رہے ہیں ۔ اس سے پہلے بھی یہ ہوچکا ہے اور ہم کو نہیں معلوم جب مشرف کے دورمیں کس طرح نیب زدگان نیب زادے بن کر وزرا بن گئے تھے ۔ اس سے ہمیں کوئی حیرانی نہیں ہے البتہ کچھ پریشانی ضرور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجہ قمر الاسلام نے اپنے کاغذات جمع کروائے تو وہ منظور کرلئے گئے کیونکہ ان کو ابھی ن لیگ کا ٹکٹ نہیں ملا تھا لیکن جب ان کو ٹکٹ ملا تو ان کو 24گھنٹے کے اندر اندر گرفتار کرلیا گیا لیکن علیم خان کے حوالے سے کیس2سال سے چل رہا ہے لیکن اس میں کسی کو پکڑا نہیں گیا ۔

اس کے برعکس جو کیس ابھی چلا ہے اس میں گرفتاریاں کی جارہی ہیں اور اس کا مقصد شہزادے کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ شہزادہ اکیلا گھوڑے پر چڑھ کر جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں پر مقدمات چلتے ہیں تو د و تین ماہ میں پیشی ہوتی ہے لیکن نوازشریف کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک طرف انتخابی مہم پر جائیں اور دوسری طرف پیشی بھگتیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے سامنے انصاف کا مقدمہ پیش کررہے ہیں اگر آپ ہم کوہراسکتے ہیں تو ہرا دیں الیکشن لیکن پول اور سروے ہمارے حق میں آرہے ہیں۔ خودتحریک انصاف کے سروے بھی ہمارے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح ہم کو ہرا بھی دیا گیاتو کیا یہ انصاف ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ عوام یہ سب چیزیں دیکھ رہے ہیں۔